وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانےکیلئےچیئرمین سینیٹ متحرک

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی متحرک ہوگئے۔ صادق سنجرانی نے بلوچستان عوامی پارٹی کےرہنماؤں سےملاقات کی ہے، ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے پر مشاورت کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ نے ناراض ارکان سے ذاتی حیثیت میں ملنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر سینیٹرز سرفراز بگٹی،منظور خان کاکڑ،عبدالقادر اور نصیب اللہ بازئی بھی موجود تھے، ملاقات میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے حکومتی و اتحادی ارکان اسمبلی نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ پر بھر پور اعتمادکا اظہار کیا۔ ملاقات میں ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل ، صوبائی وزرا اور اتحادی جماعتوں کے اراکین شامل تھے۔ اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ سیاست میں ناراضگی ہوتی رہتی ہے، ہم دوستوں کو منا لیں گے، وہ ہمارے ساتھ ہیں، اپوزیشن کو مایوسی ہوگی۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حزب اختلاف کے 16 ارکان نے وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں