مستونگ: سیکورٹی اداروں کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک

ضلع مستونگ میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کے دوران اہم مطلوب کالعدم تنظیم کے جنگجو سمیت دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ وزیرداخلہ بلوچستان ضیاء لانگو نے جمعہ کے روز ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی ) اور حساس اداروں نے بڑی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے اہم جنگجو سمیت دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ مرنے والے دہشت گرد کی شناخت عبدالکریم کے نام سے کی گئی، جس کی گرفتاری پر 20لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورائیہ نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس، باردوی مواد، دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں سے مقابلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔ ہلاک جنگجو سے متعلق صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عبدالکریم کرد کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کا اہم کمانڈ تھا جس نے عثمان سیف اللہ کے مرنے کے بعد تنظیم کی بنیاد رکھی اور فعال کیا۔ ہلاک دہشتگرد بلوچستان میں دہشتگردی کے بڑے واقعات میں ملوث تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں